آن لائن لرننگ – ہزاروں کمائیں

اس بلاگ میں Good to Best پر ہم یہ دیکھیں گے کہ آن لائن لرننگ کے ذریعے آپ گھر بیٹھے ہزاروں کمانے کا سنہری موقع کیسے حاصل کر سکتے ہیں۔

دنیا بدل چکی ہے، لیکن مزے کی بات یہ ہے کہ زیادہ تر لوگ ابھی تک پرانی دنیا کے اصولوں پر چل رہے ہیں۔ صبح دفتر جانا، شام کو تھکا ہارا واپس آنا، ٹریفک میں وقت ضائع کرنا، اور پھر شکایت کرنا کہ وقت کہاں گیا۔ لیکن اگر آپ آنکھ کھول کر دیکھیں تو آج کے دور میں ایک نیا راستہ کھلا ہے: آن لائن لرننگ – ہزاروں کمائیں۔ یہ جملہ صرف ایک نعرہ نہیں بلکہ حقیقت ہے، مگر شرط یہ ہے کہ آپ سمجھ داری سے کھیل کھیلیں۔

آن لائن لرننگ کی دنیا کسی بڑے سمندر کی طرح ہے۔ آپ چاہیں تو کنارے پر بیٹھ کر صرف لہریں گنیں، مگر لہریں گننے سے ہاتھ میں کچھ نہیں آئے گا اس لئے ہمت کر کے اس میں چھلانگ لگائیں۔ کچھ لوگ چھلانگ لگاتے ہیں اور گھبرا کے فوراً واپس کنارے پر آ جاتے ہیں، لیکن جو تیرنا سیکھ لیتے ہیں وہ اپنی کشتی خود چلاتے ہیں۔ اور پھر تھوڑے ہی عرصہ میں آپ کمال مہارت سے کشتی کو چلانے لگتے ہیں۔ یہیں سے کامیابی کا آغاز شروع ہوتا ہے۔

یہ سب سنتے دیکھتے اکثر لوگ ہنس پڑتے ہیں اور وہ کہتے ہیں، ’’اگر اتنا ہی آسان ہوتا تو سب لوگ گھر بیٹھے کروڑ پتی بن چکے ہوتے۔‘‘ آن لائن لرننگ کوئی جادو کی چھڑی نہیں ہے کہ بس ایک کورس کیا اور اگلے دن ڈالر کی بارش ہونے لگ گئی۔ یہ بالکل ایسے ہی ہے جیسے آپ جم جا کر ایک دن میں باڈی بلڈر نہیں بن جاتے۔ لیکن اگر مستقل مزاجی ہو، تو چھ ماہ بعد فرق خود نظر آتا ہے۔

آن لائن لرننگ کے ذریعے کمانے کے ہزاروں راستے ہیں۔ کسی کو انگلش اچھی آتی ہے تو وہ فری لانسنگ میں کنٹینٹ رائٹنگ شروع کر لیتا ہے، کسی کو ڈیزائننگ پسند ہے تو وہ لوگو بناتا ہے۔ کوئی یوٹیوب چینل کھول لیتا ہے اور آہستہ آہستہ پیسے آنے لگتے ہیں۔ اصل مزہ یہ ہے کہ یہ سب کچھ آپ اپنی مرضی کے وقت میں کرتے ہیں۔ نہ باس کی ڈانٹ، نہ حاضری کی ٹینشن، نہ ٹریفک کی جھنجھٹ۔ لیکن یہاں ایک مسئلہ ہے: یہ سب صرف تب ہوتا ہے جب آپ واقعی سیکھنے کے لئے سنجیدہ ہوں۔

اکثر لوگ کورس خریدتے ہیں، دو دن ویڈیو دیکھتے ہیں، تیسرے دن کہتے ہیں یہ سب بکواس ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ آن لائن لرننگ آپ کے صبر اور محنت کا امتحان ہے۔ آپ کو لگتا ہے کہ یہ سارا کھیل صرف ٹیکنیکل ہے، لیکن اصل راز “تسلسل” ہے۔ اگر آپ نے ایک مہینے تک محنت کی اور پھر چھوڑ دیا تو یہ ویسے ہی ہے جیسے آپ نے آدھی کہانی چھوڑ دی۔ پیسہ تبھی آتا ہے جب آپ ہمت نہیں ہارتے۔

میری نظر میں آن لائن لرننگ کو سب سے بہتر طریقے سے دیکھنے کا زاویہ یہ ہے کہ یہ ایک نئی زبان سیکھنے جیسا ہے۔ شروع میں حروف سمجھ نہیں آتے، پھر جملے بننے لگتے ہیں، اور ایک وقت آتا ہے کے آپ پورا کا پورا مضمون لکھ لیتے ہیں۔ بالکل ویسے ہی، پہلے پہل آپ کو لگے گا کہ فری لانسنگ پلیٹ فارم بہت مشکل ہیں، یوٹیوب پر ویوز نہیں آ رہے، یا کوئی کلائنٹ ریپلائی نہیں کر رہا۔ لیکن اگر آپ نے یہ وقت نکال لیا، تو پھر آہستہ آہستہ کمائی شروع ہو جاتی ہے۔

یہاں پر ایک بات سمجھ لیں: آن لائن لرننگ سے کمائی کا تعلق صرف “کورس کرنے” سے نہیں بلکہ “کورس کو عمل میں لانے” سے ہے۔ ہمارے ہاں مسئلہ یہ ہے کہ زیادہ تر لوگ یوٹیوب پر ویڈیو دیکھتے ہیں، دو نوٹس بناتے ہیں اور سمجھتے ہیں کہ وہ ایکسپرٹ ہو گئے ہیں۔ یہ وہی بات ہے جیسے آپ نے ڈرائیونگ کے سارے اصول یاد کر لیے لیکن کبھی گاڑی اسٹارٹ ہی نہیں کی۔ جب تک پریکٹس نہیں کریں گے، پیسے نہیں آئیں گے۔

اب مزے کی بات بتاؤں؟ یہ آن لائن لرننگ صرف نوجوانوں کے لیے نہیں ہے۔ ہمارے معاشرے میں یہ تاثر دیا جاتا ہے کہ بس طالبعلم یا بیس پچیس سال کے لڑکے لڑکیاں ہی سیکھ سکتے ہیں۔ لیکن حقیقت یہ ہے کہ آج پچاس سال کے لوگ بھی یوٹیوب چینل چلا رہے ہیں، فری لانسنگ کر رہے ہیں، اور اچھا خاصا کما رہے ہیں۔ فرق صرف یہ ہے کہ کچھ لوگ ہمت کرتے ہیں اور کچھ بہانے بنا لیتے ہیں۔

ایک اور چیز جو آن لائن لرننگ کو دلچسپ بناتی ہے وہ یہ ہے کہ یہ آپ کو خود اعتمادی دیتی ہے۔ جب آپ کو پہلی بار اپنی محنت کے ڈالر ملتے ہیں تو ایک خوشی ہوتی ہے کہ ہاں، یہ میں نے کیا ہے۔ وہ خوشی کسی تنخواہ کے چیک میں نہیں ہوتی۔ یہ خوشی اصل میں “خود انحصاری” کی خوشی ہے۔ اور یہی خوشی آپ کو مزید آگے بڑھنے پر مجبور کرتی ہے۔

اب سوال یہ ہے کہ آخر یہ ’’ہزاروں کمائیں‘‘ کہاں سے شروع ہوتا ہے؟ دیکھیں، پہلے تو یہ “سو” سے شروع ہوتا ہے۔ پھر “ہزار” بنتا ہے۔ اور آہستہ آہستہ یہ اتنا بڑھتا ہے کہ آپ کو لگتا ہے واقعی یہ ممکن ہے۔ لیکن شرط یہ ہے کہ آپ کہیں سے شروع کریں۔ اگر آپ سوچتے رہیں گے کہ ’’ایک دن شروع کروں گا‘‘ تو پھر یقین کریں وہ دن کبھی نہیں آئے گا۔

آن لائن لرننگ اور کمانے کے مواقع

آن لائن لرننگ کی ایک بڑی خوبی یہ ہے کہ یہ صرف ڈگری یا سند حاصل کرنے کا ذریعہ نہیں رہی بلکہ اس نے ایک ایسا دروازہ کھول دیا ہے جہاں سے براہِ راست آمدن بھی ممکن ہے۔ آج کل کوئی یہ نہیں پوچھتا کہ آپ نے کہاں سے پڑھا ہے، لوگ یہ دیکھتے ہیں کہ آپ کو آتا کیا ہے اور کتنا آتا ہے۔ اگر آپ کو گرافک ڈیزائننگ آتی ہے، چاہے آپ نے یوٹیوب سے سیکھی ہو یا کسی مہنگے ادارے سے، کلائنٹ کو اس سے کوئی غرض نہیں۔ اُسے تو بس یہ پرواہ ہے کہ آپ اُس کا کام کتنا اچھا اور وقت پر کر سکتے ہیں۔

یہی وہ موقع ہے جہاں آن لائن لرننگ ایک قدم آگے بڑھ کر آپ کو آن لائن ارننگ کے دروازے تک لے آتی ہے۔ مثال کے طور پر، اگر آپ نے کچھ وقت لگا کر ویڈیو ایڈیٹنگ سیکھی ہے تو آپ چھوٹے موٹے یوٹیوب چینلز یا سوشل میڈیا ہینڈلز کے لیے ایڈیٹنگ شروع کر سکتے ہیں۔ ابتدائی طور پر یہ آمدن شاید زیادہ نہ ہو، لیکن یہ وہ بنیاد ہے جو بعد میں آپ کو ہزاروں کما کر دیتی ہے۔

 

فری لانسنگ پلیٹ فارمز کا استعمال

آپ نے اکثر سنا ہوگا کہ لوگ فائیور، اپ ورک، یا فری لانسر پر کام کر کے اچھی خاصی آمدن حاصل کر رہے ہیں۔ لیکن یہاں ایک راز کی بات ہے۔ یہ پلیٹ فارم صرف اُن لوگوں کے لیے کامیاب ہوتے ہیں جو واقعی اپنے ہنر پر محنت کرتے ہیں۔ صرف پروفائل بنا کر بیٹھ جانے سے کچھ نہیں ہوتا۔ میں نے ایسے کئی لوگ دیکھے ہیں جو کہتے ہیں “پروفائل بنایا ہے لیکن کام نہیں ملا”، اصل مسئلہ یہ ہے کہ آن لائن لرننگ کا صحیح استعمال نہیں کیا۔ اگر آپ نے کورس کر لیا ہے تو اُس ہنر کی بار بار پریکٹس کریں، اُس کی چھوٹی چھوٹی ڈیمو ویڈیوز یا سیمپل بنائیں اور پروفائل پر اپ لوڈ کریں۔ یہ وہ چھوٹی لیکن کارآمد عادت ہے جو کلائنٹس کو متاثر کرتی ہے۔

یوٹیوب اور کانٹینٹ کریئیشن

اب ذرا بات کرتے ہیں یوٹیوب کی۔ یوٹیوب کو اکثر لوگ صرف تفریح سمجھتے ہیں لیکن حقیقت یہ ہے کہ یہ بھی ایک مکمل یونیورسٹی ہے اور ایک مکمل مارکیٹ پلیس۔ اگر آپ نے آن لائن لرننگ کے ذریعے کوئی بھی ہنر سیکھا ہے تو اُسے یوٹیوب پر دوسروں کو سکھا سکتے ہیں۔ شروع میں شاید آپ کے ویوز کم ہوں، لیکن وقت کے ساتھ ساتھ جب آپ کا کانٹینٹ بہتر ہوتا جائے گا تو نہ صرف لوگ آپ سے سیکھیں گے بلکہ یوٹیوب آپ کو پیسے بھی دے گا۔

یہاں مزے کی بات یہ ہے کہ آپ کو صرف پروفیشنل ماسٹر ہونے کی ضرورت نہیں، آپ کو بس اتنا آنا چاہیے کہ دوسروں کو سمجھا سکیں۔ یاد رکھیں، یوٹیوب پر وہی زیادہ کامیاب ہوتا ہے جو سیدھے سادے لفظوں میں بات کرتا ہے۔ لوگ کتابی بات سننے کی بجائے نیچرل انداز کو زیادہ پسند کرتے ہیں۔

 

آن لائن کوچنگ اور کلاسز

اگر آپ کے پاس کوئی خاص مہارت ہے، جیسے زبان سکھانا، کمپیوٹر پروگرامنگ یا حتیٰ کہ کھانا پکانے کے گر، تو آپ آن لائن کوچنگ شروع کر سکتے ہیں۔ یہ بھی ایک ابھرتا ہوا میدان ہے۔ کئی لوگ گھروں سےزوم یا گوگل میٹ  کے ذریعے کلاسز لے رہے ہیں اور ماہانہ اچھی خاصی آمدن حاصل کر رہے ہیں۔ اس کی ایک سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ آپ براہِ راست لوگوں سے رابطہ میں ہوتے ہیں، اور آپ کا تعلق صرف ایک کمپیوٹر اسکرین تک محدود نہیں رہتا بلکہ ایک انسانی رشتہ بھی قائم ہوتا ہے۔

 

چھوٹے پروجیکٹس سے بڑے سفر تک

آن لائن لرننگ اور کمانے کا اصل راز یہ ہے کہ آپ چھوٹے سے کام سے آغاز کریں۔ اکثر لوگ یہ سوچ کر ہمت ہار جاتے ہیں کہ “اس میں تو زیادہ پیسے نہیں ملتے” لیکن حقیقت یہ ہے کہ بڑے پروجیکٹس تک پہنچنے کے لیے چھوٹے پروجیکٹس ہی سیڑھی بنتے ہیں۔ جیسے کوئی مصور پہلے چھوٹے کینوس پر ہاتھ آزماتا ہے، پھر بڑی پینٹنگز بناتا ہے۔ اسی طرح آپ بھی آن لائن لرننگ سے سیکھے ہوئے ہنر کو چھوٹے چھوٹے پروجیکٹس میں آزما کر اعتماد حاصل کریں۔ وقت کے ساتھ ساتھ یہ چھوٹے پروجیکٹس بڑے مواقع کی شکل اختیار کر لیتے ہیں۔

 

حقیقت پسندی اور توقعات

اب یہاں ایک بات ایمانداری سے کرنی چاہیے۔ آن لائن لرننگ اور کمانے کا خواب ضرور خوبصورت ہے لیکن یہ صرف اُن کے لیے حقیقت بنتا ہے جو صبر اور محنت سے کام کرتے ہیں۔ اگر کوئی یہ سوچے کہ آج کورس کیا اور کل ہزاروں کما لوں گا، تو یہ ویسا ہی خواب ہے جیسا کوئی بچہ پہلی بار سائیکل پر بیٹھ کر فوراً ریس لگانے کی کوشش کرے۔ حقیقت یہ ہے کہ راستے میں بار بار گرنا پڑے گا، لیکن ہر گرنے کے بعد اٹھنا ہی اصل کامیابی ہے۔

 

مشکلات اور حقیقت پسندانہ پہلو

اب یہاں ایک بات کہنا ضروری ہے۔ آن لائن لرننگ کوئی جادو کی چھڑی نہیں کہ آج کورس شروع کیا اور کل صبح آنکھ کھلتے ہی آپ کے اکاؤنٹ میں ہزاروں روپے جمع ہو گئےہوں۔ یہ وہی خواب ہے جو اکثر یوٹیوب کے اشتہارات اور بڑے بڑے دعوے کرنے والے دکھاتے ہیں۔ حقیقت تھوڑی مختلف ہے اور کبھی کبھی تھوڑی کڑوی بھی ہوتی ہے۔

سب سے پہلے مسئلہ وقت کا ہے۔ آن لائن لرننگ بظاہر تو آسان لگتی ہے جب دل چاہا کلاس لے لی۔ مگر اصل امتحان یہ ہے کہ “دل کب چاہتا ہے؟” اکثر انسان کہتا ہے “اچھا شام کو پڑھ لوں گا”، شام آتی ہے تو چائے کے کپ کے ساتھ موبائل ہاتھ میں آ جاتا ہے اور بس پھر واٹس ایپ یا فیس بک کی سیر شروع ہوجاتی ہے۔ اگلے دن ضمیر ہلکا سا کھٹکھٹاتا ہے کہ بھائی کل نہیں پڑھا، آج کچھ کر لے، لیکن پھر آج بھی کچھ ایسا نکل آتا ہے کہ وقت ضائع ہوجاتا ہے۔ یہ سب پڑھنے والا ہر شخص جانتا ہے، اور یہی سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔

پھر دوسرا مسئلہ یکسوئی کا ہے۔ آن لائن کلاس میں استاد آپ کے سامنے کھڑا نہیں، کوئی آپ کو دیکھ نہیں رہا، کوئی آپ کا نام لے کر کہہ نہیں رہا کہ “تم یہ سوال حل کرو”۔ سب کچھ آپ کے اپنے اوپر ہے۔ اور ضمیر بیچارہ بھی آخر انسان ہے، وہ کہتا ہے “چلو کل کر لیں گے”۔ جو کبھی آتی نہیں۔

اب تھوڑا سا مالی پہلو بھی دیکھ لیتے ہیں۔ لوگ کہتے ہیں “آن لائن لرننگ کرو اور ہزاروں کماؤ”۔ سچ یہ ہے کہ کمائی بالکل ممکن ہے مگر یہ اس وقت جب آپ اس ہنر کو واقعی سیکھ لیں اور اس پر محنت کریں۔ ایک عام کورس کرنے کے بعد یہ سوچنا کہ اب کلائنٹس لائن میں لگ جائیں گے، ایسا کبھی نہیں ہوتا۔ دراصل یہ سفر ایسے ہے جیسے کوئی درخت لگاتے ہیں، پہلے بیج بویا جاتا ہے، پھر پانی دیا جاتا ہے، مہینوں بعد جا کے پودا نکلتا ہے، پھر سالوں بعد وہ تناور درخت بنتا ہے۔ آن لائن کمائی بھی کچھ ایسی ہی ہے۔ اگر کوئی یہ سمجھے کہ دو کورس کر کے اگلے ہفتے گاڑی خرید لے گا تو یہ خواب تھوڑا جلدی دیکھ لیا گیا ہے۔

پھر ایک اور چیز ہے “فیک کورسز”۔ مارکیٹ میں بہت سے لوگ ایسے ہیں جو صرف پیسہ بنانے کے لیے آن لائن کورس بیچتے ہیں۔ وہ بڑے بڑے دعوے کرتے ہیں: “اس کورس کے بعد آپ مہینے کے دو لاکھ روپے کما لیں گے”۔ حقیقت یہ ہے کہ ان میں سے اکثر کورس بس وہی چیزیں بتاتے ہیں جو گوگل پر مفت مل جاتی ہیں۔ اصل فرق یہ ہے کہ آپ کو وہ راستہ کون سا استاد بتاتا ہے جو حقیقت میں خود بھی اس فیلڈ میں کچھ کر رہا ہو۔ یہ پہچاننا ذرا مشکل ہے لیکن ضروری ہے۔

مشکل یہ بھی ہے کہ آن لائن لرننگ کا میدان بہت بڑا ہے۔ آپ کہیں گے کہ “میں نے گرافکس ڈیزائن سیکھنا ہے”۔ اب گرافکس ڈیزائن میں ہی اتنے کورسز، اتنے سافٹ ویئر اور اتنے ٹولز ہیں کہ بندہ سوچتا ہے کہاں سے شروع کروں۔ پھر کبھی سوچتے ہیں کہ “چلو ویب ڈویلپمنٹ کر لیتے ہیں”۔ پھر دل کہتا ہے کہ “ڈیجیٹل مارکیٹنگ زیادہ زبردست ہے”۔ نتیجہ یہ کہ بندہ سیکھنے کے بجائے بس سوچنے میں ہی اپنا وقت ضائع کر دیتا ہے۔ جیسے بازار میں جائیں اور اتنی دکانیں ہوں کہ سمجھ نہ آئے روٹی کس سے خریدنی ہے۔ آپ کو کہیں نہ کہیں اور صفر سے شروع کرنا ہوگا۔

اور ہاں، ایک حقیقت اور بھی ہے۔ آن لائن لرننگ کے ساتھ تنہائی کا احساس بھی جڑا ہوا ہے۔ کلاس روم میں ساتھ بیٹھنے والے دوست ہوتے ہیں، استاد کا ذرا سا ڈانٹ دینا بھی حوصلہ بن جاتا ہے۔ لیکن آن لائن سب کچھ آپ اور آپ کا لیپ ٹاپ ہے۔ کبھی کبھی یہ تنہائی حوصلہ توڑ دیتی ہے اور بندہ سوچتا ہے کہ چھوڑو، رہنے دو۔ یہ وہ جگہ ہے جہاں زیادہ تر لوگ ہار مان جاتے ہیں۔

لیکن اگر آپ یہ مشکلات سمجھ لیں، حقیقت کو حقیقت کی طرح قبول کر لیں اور اپنے اندر مستقل مزاجی پیدا کر لیں تو پھر یہ رکاوٹیں اتنی بڑی نہیں رہتیں۔ بلکہ یوں لگتا ہے جیسے یہ وہی چھوٹی چھوٹی آزمائشیں ہیں جو اصل کامیابی کے راستے میں پڑتی ہیں۔

 

آن لائن لرننگ کے مواقع اور کامیابیاں

دنیا کا سب سے دلچسپ اور مزے کا پہلو یہ ہے کہ جب انسان کچھ سیکھ لیتا ہے۔ کچھ لوگ تو صرف وقت پاس کرنے کے لیے سیکھنا شروع کرتے ہیں اور پھر جب انہیں پتہ چلتا ہے کہ یہی سیکھا ہوا علم چند ہزار کی آمدنی بھی دے سکتا ہے تو ان کا جذبہ آسمان کو چھونے لگتا ہے۔

آپ سوچیں، ایک خاتون جو گھر کے کاموں میں مصروف رہتی تھی، اُس نے شوقیہ یوٹیوب پر کُکنگ ویڈیوز دیکھنا شروع کیں۔ پھر اس نے کہا: ’’میں کیوں نہ اپنی ترکیبیں ریکارڈ کروں؟‘‘ آج وہی خاتون نہ صرف یوٹیوب چینل چلا رہی ہے بلکہ اپنے ہی محلے کے لوگوں کو باورچی خانہ کی ماہر لگتی ہے۔ اس کی ویڈیوز پر آنے والے کمنٹس اسے اتنی خوشی دیتے ہیں کہ وہ کہتی ہے: ’’پہلے میں صرف سالن پکاتی تھی، اب سالن بھی کماتی ہوں۔‘‘

اسی طرح ایک نوجوان لڑکے نے گرافکس ڈیزائننگ سیکھی۔ شروع میں تو دوستوں کے لئے لوگو بناتا رہا، کبھی فری میں، کبھی چائے کے بدلے۔ لیکن جب اسے آن لائن پلیٹ فارمز پر کلائنٹس ملنے لگے تو اُس نے کہا: ’’بھئی یہ تو میں نے سوچا بھی نہ تھا۔‘‘ اب وہ دن رات پراجیکٹس میں مصروف ہے اور دوستوں کو فخر سے بتاتا ہے کہ ’’کلائنٹ نے مجھے ڈالر میں پیسے بھیجے ہیں‘‘۔ یقین مانیے، ڈالر کے ساتھ خوشی بھی تین گنا بڑھ جاتی ہے۔

آن لائن لرننگ کا سب سے بڑا موقع یہ ہے کہ یہ کسی کے بھی حالات کو بدل سکتی ہے۔ آپ چاہیں تو صبح کے وقت اپنا کام کریں، شام کو تھوڑا سیکھیں، یا رات کو کمرے میں بیٹھ کر کسی کورس کی ویڈیو دیکھ لیں۔ کوئی ٹائم ٹیبل ایسا نہیں کہ ’’آٹھ بجے آفس پہنچنا ہے‘‘ یا ’’نو بجے چھٹی ملنی ہے‘‘۔ یہ آزادی ہی اصل طاقت ہے۔ اور شاید اسی لیے لوگ کہتے ہیں کہ آن لائن لرننگ صرف تعلیم نہیں دیتی بلکہ آپ کو اپنی زندگی کے فیصلے خود کرنے کا حوصلہ بھی دیتی ہے۔

کامیابیاں صرف پیسے تک محدود نہیں ہوتیں۔ کچھ لوگوں نے اپنی خود اعتمادی واپس پائی ہے۔ ایک لڑکی جو ہمیشہ کلاس میں خاموش بیٹھتی تھی، آن لائن کورسز کے ذریعے بولنے اور لکھنے میں ماہر ہو گئی۔ آج وہ فری لانسنگ کے ساتھ ساتھ اپنے اسکول کے بچوں کو بھی پڑھاتی ہے۔ اُس کے والدین کہتے ہیں کہ ’’ہماری بیٹی اب وہی نہیں رہی جو کبھی ڈرپوک تھی‘‘۔ یہ کامیابی ہزاروں روپے سے بھی بڑی ہے۔

مزے کی بات یہ ہے کہ کبھی کبھی کامیابی ایسی جگہ سے ملتی ہے جہاں آپ نے سوچا بھی نہ ہو۔ مثال کے طور پر ایک لڑکے نے صرف شوقیہ فوٹو ایڈیٹنگ سیکھی تھی۔ اُس نے انسٹاگرام پر اپنی چند تصویریں اپ لوڈ کیں۔ کسی کمپنی نے دیکھا اور فوراً اُسے آفر دے دی۔ اُس دن اُس نے کہا: ’’میں نے سوچا تھا کہ یہ تصویریں صرف لائکس لائیں گی، لیکن یہ تو پیسے بھی لے آئیں ہیں۔‘‘

اصل میں آن لائن لرننگ ایک ایسی کھڑکی ہے جو ہر کسی کے لیے کھلی ہے۔ بس شرط یہ ہے کہ آپ اس کھڑکی کے قریب آئیں۔ آپ چاہے طالب علم ہیں، نوکری پیشہ ہیں یا گھر بیٹھے فارغ، سب کے لیے کوئی نہ کوئی موقع موجود ہے۔ اور یہی وہ جگہ ہے جہاں سے ہزاروں کمائے جا سکتے ہیں۔ ہاں، شرط یہ ہے کہ لگن، صبر اور تھوڑی سی محنت ساتھ ہو۔ کیونکہ بغیر محنت کے صرف یوٹیوب ویڈیوز دیکھنے سے صرف نیند ہی آتی ہے، آمدنی نہیں۔ محنت کیا ہے؟ آپ نے اگر کوئی کام شروع کیا ہے تو پھر اس کو مکمل کرنا ہے جو کہ مشکل ہوتا ہے۔ اس کو وقت بھی دینا پڑتا ہے۔ اور یہی آپ کو آن لائن لرننگ – ہزاروں کما کر دے گا۔

اگر آپ کو یہ بلاگ پسند آیا تو براہِ کرم اپنی رائے کمنٹس میں ضرور دیں اور مزید دلچسپ مضامین پڑھنے کے لیے Good to Best (گڈ ٹو بیسٹ) وزٹ کرتے رہیں۔

2 Comments

  • Faiza

    Great

    • Thank you. Please share and keep visiting for more updates

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Features

Services

© 2024 Created by GoodToBest